[1] رب کی تمجید میں نیا گیت گاؤ، کیونکہ اُس نے معجزے کئے ہیں۔ اپنے دہنے ہاتھ اور مُقدّس بازو سے اُس نے نجات دی ہے۔
[2] رب نے اپنی نجات کا اعلان کیا اور اپنی راستی قوموں کے رُوبرُو ظاہر کی ہے۔
[3] اُس نے اسرائیل کے لئے اپنی شفقت اور وفا یاد کی ہے۔ دنیا کی انتہاؤں نے سب ہمارے خدا کی نجات دیکھی ہے۔
[4] اے پوری دنیا، نعرے لگا کر رب کی مدح سرائی کرو! آپے میں نہ سماؤ اور جشن منا کر حمد کے گیت گاؤ!
[5] سرود بجا کر رب کی مدح سرائی کرو، سرود اور گیت سے اُس کی ستائش کرو۔
[6] تُرم اور نرسنگا پھونک کر رب بادشاہ کے حضور خوشی کے نعرے لگاؤ!
[7] سمندر اور جو کچھ اُس میں ہے، دنیا اور اُس کے باشندے خوشی سے گرج اُٹھیں۔
[8] دریا تالیاں بجائیں، پہاڑ مل کر خوشی منائیں،
[9] وہ رب کے سامنے خوشی منائیں۔ کیونکہ وہ زمین کی عدالت کرنے آ رہا ہے۔ وہ انصاف سے دنیا کی عدالت کرے گا، راستی سے قوموں کا فیصلہ کرے گا۔