[1] داؤد کی دعا۔ اے رب، اپنا کان جھکا کر میری سن، کیونکہ مَیں مصیبت زدہ اور محتاج ہوں۔
[2] میری جان کو محفوظ رکھ، کیونکہ مَیں ایمان دار ہوں۔ اپنے خادم کو بچا جو تجھ پر بھروسا رکھتا ہے۔ تُو ہی میرا خدا ہے!
[3] اے رب، مجھ پر مہربانی کر، کیونکہ دن بھر مَیں تجھے پکارتا ہوں۔
[4] اپنے خادم کی جان کو خوش کر، کیونکہ مَیں تیرا آرزومند ہوں۔
[5] کیونکہ تُو اے رب بھلا ہے، تُو معاف کرنے کے لئے تیار ہے۔ جو بھی تجھے پکارتے ہیں اُن پر تُو بڑی شفقت کرتا ہے۔
[6] اے رب، میری دعا سن، میری التجاؤں پر توجہ کر۔
[7] مصیبت کے دن مَیں تجھے پکارتا ہوں، کیونکہ تُو میری سنتا ہے۔
[8] اے رب، معبودوں میں سے کوئی تیری مانند نہیں ہے۔ جو کچھ تُو کرتا ہے کوئی اَور نہیں کر سکتا۔
[9] اے رب، جتنی بھی قومیں تُو نے بنائیں وہ آ کر تیرے حضور سجدہ کریں گی اور تیرے نام کو جلال دیں گی۔
[10] کیونکہ تُو ہی عظیم ہے اور معجزے کرتا ہے۔ تُو ہی خدا ہے۔
[11] اے رب، مجھے اپنی راہ سکھا تاکہ تیری وفاداری میں چلوں۔ بخش دے کہ مَیں پورے دل سے تیرا خوف مانوں۔
[12] اے رب میرے خدا، مَیں پورے دل سے تیرا شکر کروں گا، ہمیشہ تک تیرے نام کی تعظیم کروں گا۔
[13] کیونکہ تیری مجھ پر شفقت عظیم ہے، تُو نے میری جان کو پاتال کی گہرائیوں سے چھڑایا ہے۔
[14] اے اللہ، مغرور میرے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ظالموں کا جتھا میری جان لینے کے درپَے ہے۔ یہ لوگ تیرا لحاظ نہیں کرتے۔
[15] لیکن تُو، اے رب، رحیم اور مہربان خدا ہے۔ تُو تحمل، شفقت اور وفا سے بھرپور ہے۔
[16] میری طرف رجوع فرما، مجھ پر مہربانی کر! اپنے خادم کو اپنی قوت عطا کر، اپنی خادمہ کے بیٹے کو بچا۔
[17] مجھے اپنی مہربانی کا کوئی نشان دکھا۔ مجھ سے نفرت کرنے والے یہ دیکھ کر شرمندہ ہو جائیں کہ تُو رب نے میری مدد کر کے مجھے تسلی دی ہے۔