[1] قورح کی اولاد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ گیت کا طرز: کنواریاں۔ اللہ ہماری پناہ گاہ اور قوت ہے۔ مصیبت کے وقت وہ ہمارا مضبوط سہارا ثابت ہوا ہے۔
[2] اِس لئے ہم خوف نہیں کھائیں گے، گو زمین لرز اُٹھے اور پہاڑ جھوم کر سمندر کی گہرائیوں میں گر جائیں،
[3] گو سمندر شور مچا کر ٹھاٹھیں مارے اور پہاڑ اُس کی دہاڑوں سے کانپ اُٹھیں۔ (سِلاہ)
[4] دریا کی شاخیں اللہ کے شہر کو خوش کرتی ہیں، اُس شہر کو جو اللہ تعالیٰ کی مُقدّس سکونت گاہ ہے۔
[5] اللہ اُس کے بیچ میں ہے، اِس لئے شہر نہیں ڈگمگائے گا۔ صبح سویرے ہی اللہ اُس کی مدد کرے گا۔
[6] قومیں شور مچانے، سلطنتیں لڑکھڑانے لگیں۔ اللہ نے آواز دی تو زمین لرز اُٹھی۔
[7] رب الافواج ہمارے ساتھ ہے، یعقوب کا خدا ہمارا قلعہ ہے۔ (سِلاہ)
[8] آؤ، رب کے عظیم کاموں پر نظر ڈالو! اُسی نے زمین پر ہول ناک تباہی نازل کی ہے۔
[9] وہی دنیا کی انتہا تک جنگیں روک دیتا، وہی کمان کو توڑ دیتا، نیزے کو ٹکڑے ٹکڑے کرتا اور ڈھال کو جلا دیتا ہے۔
[10] وہ فرماتا ہے، ”اپنی حرکتوں سے باز آؤ! جان لو کہ مَیں خدا ہوں۔ مَیں اقوام میں سربلند اور دنیا میں سرفراز ہوں گا۔“
[11] رب الافواج ہمارے ساتھ ہے۔ یعقوب کا خدا ہمارا قلعہ ہے۔ (سِلاہ)