Skip to content
Opens in a new window
Listen to this chapter

[1] رب بادشاہ ہے! زمین جشن منائے، ساحلی علاقے دُور دُور تک خوش ہوں۔

[2] وہ بادلوں اور گہرے اندھیرے سے گھرا رہتا ہے، راستی اور انصاف اُس کے تخت کی بنیاد ہیں۔

[3] آگ اُس کے آگے آگے بھڑک کر چاروں طرف اُس کے دشمنوں کو بھسم کر دیتی ہے۔

[4] اُس کی کڑکتی بجلیوں نے دنیا کو روشن کر دیا تو زمین یہ دیکھ کر پیچ و تاب کھانے لگی۔

[5] رب کے آگے آگے، ہاں پوری دنیا کے مالک کے آگے آگے پہاڑ موم کی طرح پگھل گئے۔

[6] آسمانوں نے اُس کی راستی کا اعلان کیا، اور تمام قوموں نے اُس کا جلال دیکھا۔

[7] تمام بُت پرست، ہاں سب جو بُتوں پر فخر کرتے ہیں شرمندہ ہوں۔ اے تمام معبودو، اُسے سجدہ کرو!

[8] کوہِ صیون سن کر خوش ہوا۔ اے رب، تیرے فیصلوں کے باعث یہوداہ کی بیٹیاں باغ باغ ہوئیں۔

[9] کیونکہ تُو اے رب، پوری دنیا پر سب سے اعلیٰ ہے، تُو تمام معبودوں سے سربلند ہے۔

[10] تم جو رب سے محبت رکھتے ہو، بُرائی سے نفرت کرو! رب اپنے ایمان داروں کی جان کو محفوظ رکھتا ہے، وہ اُنہیں بےدینوں کے قبضے سے چھڑاتا ہے۔

[11] راست باز کے لئے نور کا اور دل کے دیانت داروں کے لئے شادمانی کا بیج بویا گیا ہے۔

[12] اے راست بازو، رب سے خوش ہو، اُس کے مُقدّس نام کی ستائش کرو۔

زبور — Chapters