Skip to content
Opens in a new window
Listen to this chapter

[1] داؤد کا زبور۔ اے اللہ کے فرزندو، رب کی تمجید کرو! رب کے جلال اور قدرت کی ستائش کرو!

[2] رب کے نام کو جلال دو۔ مُقدّس لباس سے آراستہ ہو کر رب کو سجدہ کرو۔

[3] رب کی آواز سمندر کے اوپر گونجتی ہے۔ جلال کا خدا گرجتا ہے، رب گہرے پانی کے اوپر گرجتا ہے۔

[4] رب کی آواز زوردار ہے، رب کی آواز پُرجلال ہے۔

[5] رب کی آواز دیودار کے درختوں کو توڑ ڈالتی ہے، رب لبنان کے دیودار کے درختوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا ہے۔

[6] وہ لبنان کو بچھڑے اور کوہِ سِریون کو جنگلی بَیل کے بچے کی طرح کودنے پھاندنے دیتا ہے۔

[7] رب کی آواز آگ کے شعلے بھڑکا دیتی ہے۔

[8] رب کی آواز ریگستان کو ہلا دیتی ہے، رب دشتِ قادس کو کانپنے دیتا ہے۔

[9] رب کی آواز سن کر ہرنی دردِ زہ میں مبتلا ہو جاتی اور جنگلوں کے پتے جھڑ جاتے ہیں۔ لیکن اُس کی سکونت گاہ میں سب پکارتے ہیں، ”جلال!“

[10] رب سیلاب کے اوپر تخت نشین ہے، رب بادشاہ کی حیثیت سے ابد تک تخت نشین ہے۔

[11] رب اپنی قوم کو تقویت دے گا، رب اپنے لوگوں کو سلامتی کی برکت دے گا۔

زبور — Chapters